بھٹکل 14 مئی (ایس او نیوز) بھٹکل کی ایک خاتون اُس وقت شدید زخمی ہوگئی جب اُسے اُسی کے شوہر نے مُبینہ طور پر چاقو سے حملہ کر دیا۔ واردات مُشما اسٹریٹ میں سہ پہر قریب 3:45 بجے پیش آئی۔ خاتون کو شدید زخمی حالت میں بھٹکل سرکاری اسپتال کے بعد منی پال اسپتال لے جایا گیا ہے۔جس کی شناخت 26 سالہ رُقیہ ریحانہ بنت مرحوم ابومحمد کپّا کی حیثیت سے کی گئی ہے جبکہ حملہ آور کی شناخت ظہیر خان کے طور پر کی گئی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ شوہر نے ریحانہ کے پیٹ اور چھاتی پر چاقووں سے بہت بری طرح حملہ کیا ہے۔ ساتھ ساتھ ہاتھوں پر بھی چاقو سے وار کرتے ہوئے غالباََ نس کاٹ دی ہے۔
زخمی ریحانہ کے گھر والوں نے بتایا کہ قریب سات سال قبل اس کی شادی ہوئی تھی، مگر شادی کے بعد سے ہی شوہر کے ظلم سے ریحانہ بے حد پریشان تھی۔ پتہ چلا ہے کہ ظلم وستم سے پریشان ریحانہ کچھ ماہ سے شوہر کے ساتھ نہیں رہ رہی تھی۔ لیکن آج جیسے ہی شوہر کو پتہ چلا کہ ریحانہ کی ماں اور بہن باہر گئے ہیں اور گھر پر کوئی موجود نہیں ہے، وہ گھر میں داخل ہوا اور ریحانہ پر چاقو سے حملہ کردیا۔ شور سن کر اڑوس پڑوس کے لوگ ان کے گھر کی طرف دوڑے تو ظہیر خان دروازے کو باہر سے بند کرکے فرار ہورہا تھا۔ مقامی نوجوانوں نے ہی خاتون کو فوری طور پر بھٹکل سرکاری اسپتال پہنچایا، جہاں سے اُسے منی پال روانہ کیا گیا ہے۔
علاقہ کے نوجوانوں نے بتایا کہ شوہر کا ظلم سہنے والی یہ خاتون بالکل بے سہارا ہے۔ علاج معالجہ کے لئے بھی مالی تعاون درکار ہے۔
پتہ چلا ہے کہ زخمی ریحانہ کو ایک تین سالہ لڑکا ہے، جبکہ وہ دو ماہ کی حاملہ بھی ہے۔